مریخ کے دو چاند!!
مریخ کے دو چاند!!
تحریر: ڈاکٹر حفیظ الحسن
گو پاکستان میں ہر سال عید کے دو چاند دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن مریخ کے واقعتاً دو چاند ہیں۔ بڑے بھائی فوبوس اور چھوٹے بھائی دیموس۔ انکے نام یونانی دیو مالائی داستانوں کے دو جڑواں بھائیوں سے لیے گئے ہیں جو جنگ کے دیوتا Ares کے بیٹے تھے۔
مریخ سے فوبوس کا فاصلہ 9377 کلومیٹر ہے اور یہ مریخ کے گرد قریب ساڑھے سات گھنٹے میں چکر لگاتا ہے۔
اسی طرح دیموس کا مریخ سے فاصلہ 23460 کلومیٹر ہے اور یہ مریخ کے گرد تقریباً تیس گھنٹے میں ایک چکر لگاتا ہے۔ بمقابل زمین کا چاند، زمین سے 3 لاکھ 84 ہزار کلومیٹر دور ہے۔
مریخ کا ایک دن 24 گھنٹے اور 37 منٹ کا ہوتا ہے۔ یوں یہ چاند آپکو مریخ پر ہر روز نظر آسکتے ہیں۔ فوبوس چونکہ مریخ کے انتہائی قریب ہے تو یہ مریخ کی سطح سے ہر جگہ نظر نہیں آتا۔
کچھ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ چاند دراصل ماضی کے دو بھٹکتے سیارچے تھے جو مریخ کی کشش ثقل کی رینج میں آ کر اسکے گرد گھومنے لگے جبکہ بعض کا خیال ہے کہ یہ مریخ پر کسی اور سیارچے یا سیارے کے ٹکرانے سے پیدا ہوئے۔
ان دونوں آرا میں سے کونسی ٹھیک ہے یہ جاننے کے لیے 2026 میں جاپان کی سپیس ایجنسی مریخ کے بڑے چاند فوبوس پر ایک روور بھیجے گا جو اس چاند کی سطح پر اُتر کر اسکے ساخت اور سطح کا جائزہ لے گا۔ اگر اسکی چٹانوں کی ساخت میں وہ عناصر اور کیمیکل پائے گئے جو مریخ پر پائے جاتے ہیں تو ہم جان جائیں گے کہ یہ چاند پہلے مریخ کا ہی حصہ تھے اور اگر نہیں تو دوسرا مفروضہ صحیح ثابت ہو گا کہ یہ دراصل سیارچے تھے جنہیں مریخ نے اپنی کششِ ثقل میں قید کر لیا۔
ڈاکٹر_حفیظ_الحسن



Comments
Post a Comment